فونٹس کے سیمبلز استعمال کریں

Symbols یعنی مختلف علامات اور نشانات، دیکھنے والے کی توجہ حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سیمبلز نہ صرف لکھائی کی بہ نسبت کم جگہ لیتے ہیں بلکہ کم وقت میں وہ تصور واضح کر دیتے ہیں جس کے لیے لکھائی کے بہت سے الفاظ درکار ہوتے ہیں۔ اسی لیے ٹریفک سائنز سے لے کر سافٹ ویئر ٹول بارز تک ایسے سیمبلز استعمال کیے جاتے ہیں جنہیں دیکھنے والا فورً‌ا سمجھ جاتا ہے کہ فلاں علامت کا مقصد کیا ہے۔

ڈیسک ٹاپ پبلشنگ اور گرافک ڈیزائن میں اکثر سیمبلز اور ڈنگ بیٹس وغیرہ استعمال کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ اس مقصد کے لیے ایسے فونٹس دستیاب ہیں جو مختلف علامات اور نشانات پر مشتمل ہوتے ہیں۔ یعنی جب ایسا فونٹ منتخب کیا جاتا ہے تو کی بورڈ پر کوئی بھی حرف، ہندسہ یا نشان ٹائپ کرنے پر ایک مختلف سیمبل ظاہر ہوتا ہے۔ مثلاً‌ کسی ڈاکومنٹ میں فون نمبر کے ساتھ فون کا سیمبل، اور ویب سائیٹ کے ایڈریس کے ساتھ مانیٹر یا گلوب وغیرہ جیسا کوئی سیمبل استعمال کیا جا سکتا ہے۔ فونٹس کے یہ سیمبلز جب کسی گرافک ڈیزائن سافٹ ویئر میں استعمال کیے جاتے ہیں تو ان کی افادیت بڑھ جاتی ہے، کیونکہ پھر کسی بھی سیمبل کو ڈیزائن کی ضرورت کے مطابق کسی خاص شکل میں ڈھالا جا سکتا ہے۔ آئیں سیمبلز پر مشتمل فونٹس استعمال کرنے کا طریقہ دیکھتے ہیں۔



کی بورڈ پر موجود تمام حروف، ہندسے اور نشانات ٹائپ کریں۔ پھر ان سب کو سلیکٹ کر کے ان کے لیے ڈنگ بیٹس فونٹ منتخب کریں۔

ڈاکومنٹ میں انگلش کے تمام چھوٹے بڑے حروف لکھ کر کے انہیں سلیکٹ کریں


درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب Webdings فونٹ منتخب کیا گیا تو ٹائپ کیے گئے ہر حرف، ہندسے اور نشان کے بدلے میں ایک سیمبل ظاہر ہوگیا ہے۔ اس طریقے سے آپ اپنے سسٹم پر ایسے تمام فونٹس کے سیمبلز ایک فائل میں جمع کر سکتے ہیں۔ اور جب کسی سیمبل کی ضرورت پیش آئے تو اس فائل سے کاپی کر کے مطلوبہ ڈاکومنٹ یا ڈیزائن میں استعمال کر سکتے ہیں۔

سلیکٹ کیے ہوئے انگلش کے حروف کے لیے ڈنگ بیٹ فونٹس استعمال کریں


Webdings اور Windings کے نام سے چند فونٹس ونڈوز میں پہلے سے موجود ہوتے ہیں، لیکن اگر آپ مزید ایسے فونٹس حاصل کرنا چاہیں تو سرچ انجن کی مدد سے انہیں تلاش کیا جا سکتا ہے۔

سرچ انجن کی مدد سے مفت دستیاب ڈنگ بیٹ فونٹ تلاش کریں


درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ بارڈرز کے کناروں والے ڈیزائنز پر مشتمل ایک فونٹ ڈاؤن لوڈ کیا گیا ہے۔ فونٹ زپ فائل کی شکل میں ہے، جس پر کلک کر کے اسے کھولا جا سکتا ہے۔

ڈنگ بیٹ فونٹ ڈاؤن لوڈ کریں


جب زپ فائل کھل جائے تو اس میں موجود فونٹ دو طریقوں سے انسٹال کیا جا سکتا ہے۔

  • ایک طریقہ یہ ہے کہ پہلے زپ فائل Extract کر لیں۔ اس کے نتیجے میں جو فولڈر سامنے آئے گا اس میں موجود فونٹ کی فائل پر ماؤس کے دائیں بٹن کے ساتھ کلک کر کے مینیو کھولیں۔ اور پھر اس مینیو میں سے Install آپشن منتخب کریں۔
  • دوسرا طریقہ یہ ہے کہ زپ فائل میں موجود فونٹ کی فائل پر ڈبل کلک کر کے اسے کھولیں۔

ڈنگ بیٹ فونٹ کی زپ فائل کھولیں


جب فونٹ کی فائل کھل جائے تو Install بٹن پر کلک کر کے فونٹ انسٹال کر لیں۔ اگر وہ پروگرام اس وقت کھلا ہوا ہے جس میں آپ یہ فونٹ استعمال کرنا چاہتے ہیں، تو اسے بند کر کے دوبارہ چلائیں۔

ڈاؤن لوڈ کیا گیا فونٹ انسٹال کریں


درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ میں نے کورل ڈرا میں CornPop فونٹ کا ایک سیمبل بارڈر فریم کے کنارے کے طور پر استعمال کیا ہے۔

ڈنگ بیٹ فونٹ کا ایک سیمبل بارڈر کے کنارے کے طور پر استعمال کیا گیا ہے


درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کورل ڈرا میں Wingdings فونٹ کا سیمبل ایک آئی کان بنانے کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔

ڈنگ بیٹ فونٹ کا ایک سیمبل آئی فون ایپلی کیشن کے آئیکان کے طور پر استعمال کیا گیا ہے