کورل ڈرا میں تصویر کی بیک گراؤنڈ ختم کریں

کورل ڈرا میں مختلف ٹولز استعمال کرتے ہوئے تصویر کی بیک گراؤنڈ غائب کی جا سکتی ہے۔ یعنی تصویر میں موجود کوئی بھی چیز الگ کر کے اسے کسی نئے ڈیزائن کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ کورل ڈرا میں تصویر کو اس انداز سے Crop کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ Shape ٹول کی مدد سے تصویر کی دیواروں پر Nodes بنائی جاتی ہیں، اور پھر ان نوڈز کے درمیان موجود تصویر کی دیواروں کو آبجیکٹ کی شکل کے اعتبار سے گولائی میں بدلا جاتا ہے۔ یوں آبجیکٹ کے علاوہ تصویر کا باقی حصہ غائب ہو جاتا ہے۔ اس ٹٹوریل میں ایک تصویر کی بیک گراؤنڈ ختم کر کے اس میں سے کار الگ کی گئی ہے، جسے کسی بھی ڈیزائن میں اس کی بیک گراؤنڈ کے بغیر استعمال کیا جا سکتا ہے۔


درج ذیل آپ دیکھ رہے ہیں کہ کراپ کی جانے والی کار کو ایک رسالے کے سرورق پر استعمال کیا گیا ہے۔

کراپ کی گئی تصویر ایک رسالے کے سرورق پر استعمال کی گئی ہے


آئیں کورل ڈرا میں تصویر کراپ کرنے کا عمل دیکھتے ہیں:

  1. اگر آپ اپنا ڈیزائن پرنٹ کے لیے تیار کرنا چاہتے ہیں تو پھر Units ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے Inches منتخب کریں، اور اگر یہ ڈیزائن اسکرین کے لیے ہے تو پھر ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے Pixels کو پیمائش کے یونٹ کے طور پر منتخب کریں۔
  2. اس کے بعد اوپر اسٹینڈرڈ بار پر موجود Import آئیکان پر کلک کر کے مطلوبہ تصویر کورل ڈرا میں لے آئیں۔ امپورٹ آپشن File مینیو میں بھی موجود ہے۔

پہلے پراپرٹی بار سے پیمائش کا یونٹ منتخب کریں، پھر مطلوبہ تصویر کورل ڈرا میں لے کر آئیں


  1. پہلے تسلی کر لیں کہ پراپرٹی بار پر تناسب کے اعتبار سے سائز تبدیل کرنے والا آپشن منتخب ہے۔
  2. امپورٹ ہونے والی تصویر کے لیے سائز مقرر کریں۔
  3. پھر اسٹینڈرڈ بار پر موجود ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے To Fit آپشن منتخب کر کے مکمل تصویر سامنے لائیں۔

تصویر کا سائز مقرر کر کے اسے قریب لائیں


درج ذیل اسکرین شاٹ میں تصویر کی بیک گراؤنڈ ختم کرنے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے:

  1. ٹول بار سے Shape ٹول منتخب کریں۔ اس کی مدد سے ہم تصویر کی دیواروں پر Nodes بنائیں گے۔
  2. تصویر کے جس طرف بیک گراؤنڈ کا زیادہ حصہ ہو، اس کی دیوار پر ماؤس کے ساتھ ڈبل کلک کر کے ایک نوڈ بنائیں۔
  3. تصویر کے دوسری جانب دیوار پر ڈبل کلک کر کے ایک اور نوڈ بنائیں۔
  4. اب تصویر کے کونے پر موجود نوڈ کو ماؤس کے ساتھ پکڑ کر اندر کی طرف ڈریگ کریں۔

ٹول بار سے شیپ ٹول منتخب کر کے تصویر کی بیک گراؤنڈ ختم کرنے کا عمل شروع کریں


درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ تصویر کے ایک کونے کی بیک گراؤنڈ کا کافی حصہ غائب ہو چکا ہے۔ اب ہم نے تصویر کی دیواروں پر Shape ٹول کی مدد سے حسب ضرورت نوڈز بنانی ہیں، اور پھر ان نوڈز کو ماؤس کے ساتھ پکڑ کر کار کے کناروں کے بالکل ساتھ لے کر آنا ہے۔
ٹول بار سے Zoom ٹول منتخب کریں، اور پھر تصویر کا ایک حصہ سلیکٹ کر کے قریب لائیں تاکہ اس پر بہتر طریقے سے کام کیا جا سکے۔

زوم ٹول کی مدد سے تصویر کے چھوٹے حصے کو قریب لائیں تاکہ اس پر کام کیا جا سکے


ہم نے کرنا یہ ہے کہ کار کی گولائی والے حصے کے دونوں طرف نوڈز بنانی ہیں۔ اور پھر ان نوڈز کے درمیان موجود لائن کو کار کی شکل کے مطابق گولائی میں تبدیل کرنا ہے۔ درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق ایک نوڈ کو گولائی کے دائیں طرف لائیں، جبکہ دوسری نوڈ کو گولائی کے بائیں جانب لائیں۔

شیپ ٹول کی مدد سے آبجیکٹ کی گولائی کے دونوں طرف نوڈز بنائیں، اور ان نوڈز کو آبجیکٹ کے ساتھ جوڑ دیں


جب دونوں نوڈز کار کے کناروں کے ساتھ مل جائیں، تو پھر درمیان میں موجود لائن پر ماؤس کے ساتھ رائٹ کلک کر کے مینیو کھولیں، اور پھر اس مینیو میں سے Curve آپشن پر کلک کریں۔

دونوں نوڈز کے درمیان والی لائن پر رائٹ کلک کر کے مینیو کھولیں اور گولائی والا آپشن منتخب کریں


اب ماؤس کے ساتھ لائن کو درمیان سے پکڑ کر باہر کی طرف کھینچیں، تاکہ وہ کار کی شکل کے مطابق گولائی میں آجائے۔

نوڈز کے درمیان والی لائن کو ماؤس کی مدد سے باہر کی طرف ڈریگ کر کے آبجیکٹ کی گولائی کے مطابق لائیں


اسی طرح آپ آبجیکٹ کے ہر طرف نوڈز بناتے جائیں گے، اور ان نوڈز کے درمیان والی لائن کو آبجیکٹ کی شکل کے مطابق گولائی میں تبدیل کرتے جائیں گے۔ یوں آبجیکٹ کے گرد موجود بیک گراؤنڈ غائب ہو جائے گی۔

آبجیکٹ کے گول حصے کے دونوں طرف نوڈز بنا کر درمیان والی لائن کو گولائی میں لائیں


آبجیکٹ کے مختلف حصوں پر آپ کو بہت کم فاصلے پر نوڈز بنانا پڑ سکتی ہیں۔ جتنا باریکی کے ساتھ آپ نوڈز بنا کر انہیں گولائی میں تبدیل کریں گے، آپ کے کام کا نتیجہ اتنا ہی صاف اور معیاری ہوگا۔

آبجیکٹ کے چھوٹے حصے کے لیے کم فاصلے پر نوڈز بنائیں


درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کار کے گرد موجود بیک گراؤنڈ غائب ہو چکی ہے۔ اب ہم نے اس کار کے نیچے سایہ بنانا ہے تاکہ اسے زیادہ سے زیادہ حقیقی روپ دیا جا سکے۔

  1. ٹول بار سے Ellipse ٹول منتخب کر کے ایک بیضہ بنائیں۔
  2. اس بیضے کے لیے کلر پیلیٹ سے گہرا رنگ منتخب کریں۔
  3. ٹول بار سے Drop Shadow ٹول منتخب کر کے اس بیضے کا سایہ بنائیں۔
  4. ٹول بار سے Pick ٹول منتخب کر کے بیضے کے اوپر دو مرتبہ کلک کریں جس سے اس پر سلیکشن کے تیروں والے نشانات ظاہر ہوں گے۔ اب کنارے والے سلیکشن کے نشان کو ماؤس کے ساتھ پکڑ کر گھما لیں۔ اس کے بعد بیضے کو پکڑ کر کار کے سامنے والے حصے پر لے آئیں۔

کراپ کیے گئے آبجیکٹ کے نیچے سایہ بنائیں


ہمیں بیضہ نہیں چاہیے بلکہ صرف اس کا سایہ چاہیے۔ درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:

  1. بیضہ سلیکٹ کر کے Arrange مینیو میں Break Drop Shadow آپشن پر کلک کریں۔ اب اسکرین پر کسی خالی جگہ پر کلک کریں تاکہ بیضہ اور اس کا سایہ سلیکشن میں نہ رہیں۔ اب نئے سرے سے بیضہ سلیکٹ کر کے کی بورڈ پر Delete بٹن دبا دیں۔
  2. آپ دیکھیں گے کہ سایہ آبجیکٹ کے اوپر ہوگا۔ اسے آبجیکٹ کے پیچھے لے جانے کے لیے Arrange مینیو میں موجود Order مینیو کے تحت Back One آپشن پر کلک کریں۔


اسی طریقے سے کار کی سائیڈ کے نیچے سایہ بنانے کے لیے Rectangle ٹول کی مدد سے ڈبہ بنائیں۔